3 جنوری 2014 - 20:30
حماس: مصری وزیر داخلہ کے الزامات مسترد

فلسطینی کی تحریک حماس کے عہدیداروں نے اس تحریک کے خلاف مصر کی عبوری حکومت کی وزارت داخلہ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ابنا: تحریک حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر کی عبوری حکومت کے وزیر داخلہ محمد ابراہیم کی جانب سے  تحریک حماس کے خلاف بے بنیاد الزامات، مصر کی رائے عامہ کو منحرف کرنے اور اس ملک کے بحران کو دیگر ملکوں میں منتقل کرنے کی ایک کوشش ہے ۔ ابو زھری نے، مصر کے داخلی امور ميں مداخلت کے بارے میں حماس کے خلاف الزام تراشی کا سلسلہ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تحریک حماس کے ایک اور سینئر رکن صلاح بردوبل نے  مصر کی اخوان المسلمین گروپ کے افراد کو فوجی ٹریننگ دینے اور شمالی مصر کے دقھلیہ صوبے کے دھماکوں میں حماس کے ملوث ہونے پر مبنی مصری وزیر داخلہ کے الزامات کی مذمت کی اور اسے ملت فلسطین کے خلاف پروپگینڈے سے تعبیر کیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے مصر کے صوبے دقھلیہ ميں سیکیورٹی کے مرکز میں ہونے والے دھماکے ميں 16 مصری فوجی ہلاک اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے تھے اور مصر کے وزیر داخلہ محمد ابراہیم نے تحریک حماس پر اخوان المسلمین کے ساتھ تعاون اور اس دھماکے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

.......

/169